ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ: مالیگاؤں بم دھماکہ کی سماعت بند کمرے میں کیئے جانے کی این آئی اے کی گذارش

مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ: مالیگاؤں بم دھماکہ کی سماعت بند کمرے میں کیئے جانے کی این آئی اے کی گذارش

Mon, 05 Aug 2019 22:16:29    S.O. News Service

ممبئی،5؍اگست(ایس او نیوز؍پریس ریلیز) مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کی سماعت بند کمرے میں کیئے جانے کی قومی تفتیشی ایجنسی NIAکی عرضداشت کی بم دھماکہ متاثرین اور میڈیا کے نمائندوں نے مخالفت کی اور خصوصی عدالت میں این آئی اے کی عرضداشت مسترد کیئے جانے کے تعلق سے علیحدہ علیحدہ عرضداشتیں داخل کیں جسے عدالت نے سماعت کے لیئے قبول کرلیا۔

قومی تفتیشی ایجنسی کے وکیل اویناس رسال نے  خصوصی عدالت میں ایک عرض داشت داخل کرتے ہوئے معاملے کی سماعت بند کمرے میں یعنی کے In-Camera کیئے جانے کی گذارش کی جس میں کہا گیا ہے کہ گواہوں کے تحفظ کے مد نظر وہ عدالت سے گذارش کرتے ہیں کہ معاملے کی سماعت کے دوران میڈیا اور دیگر افراد کو عدالت سے باہر رکھا جائے جن کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔عدالت نے قومی تفتیشی ایجنسی کی عرضداشت کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہو ئے ملزمین بالخصوص سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر، کرنل پروہیت و دیگر کو حکم دیاکہ این آئی اے کی عرض داشت پر اپنا جواب داخل کریں تاکہ اس پر سماعت کی جاسکے۔

اسی درمیان بم دھماکہ متاثرین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے وکیل شاہد ندیم نے بم دھماکہ متاثرین کی جا نب سے عدالت میں ایک عرضداشت داخل کرتے ہوئے عدالت سے این آئی اے کی عرضداشت کو مسترد کیئے جانے کی گذارش کی۔

ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے خصوصی این آئی اے عدالت کے جج ونود پڈالکر کو بتایا کہ انہیں ذرائع ابلاغ کے ذریعہ پتہ چلا کہ قومی تفتیشی ایجنسی نے اس معاملے کی سماعت بند کمرے میں کیئے جانے کی عدالت سے گذارش کی ہے جس کی وہ مخالفت کرتے ہیں کیونکہ میڈیا ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعہ بم دھماکہ متاثر ین اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام مقدمہ کے تعلق سے جانکاری حاصل کرپاتے ہیں۔ 

انہوں نے عدالت کو مزیدکہا کہ یہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ اس اہم معاملے کی سماعت جس پر پوری دنیا کی نگاہیں لگی ہوئی ہیں اوپن کورٹ میں ہونا چاہئے۔متاثرین کی جانب سے این آئی اے کے اقدام کی مخالفت کرنے والی عرضداشت کو عدالت نے سماعت کے لیئے قبول کرلیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق آج خصوصی این آئی اے عدالت میں این آئی اے کی جانب سے داخل کردہ متذکرہ عرضداشت کی مخالفت میں نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا کے گیارہ نمائندوں نے ایک عرضداشت داخل کی اور این آئی اے کی بند کمرے میں سماعت کیئے جانے کی مخالفت کی، میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے سینئرایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے میڈیا نمائندوں کی عرضداشت کو بھی سماعت کے لیئے قبول کرلیا۔

خصوصی جج ونوڈ پڈالکر نے این آئی اے، ملزمین، متاثرین اور میڈیا کے نمائندوں کی عرضداشتوں کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہوئے اپنی کارروائی کل تک کے لیئے ملتوی کردی، امید ہیکہ کل عدالت اس اہم عرضداشت پر سماعت کیئے جانے کے لیئے وقت متعین کریگی۔


Share: